22 جولائی ، 2012
کشمور … وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں کسی کو گراں فروشی کی اجازت نہیں دیں گے،ذوالفقار آباد منصوبے کی مخالفت کرنے والوں کو اس کی اہمیت کا پتا نہیں ہے۔ کشمور میں سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفت گو کر تے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ قوم پرستوں کو دور نہیں کیا گیا بلکہ وہ خود دور ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی عوام کبھی بھی پیپلز پارٹی کے خلاف ووٹ نہیں دیں گی۔ سکھر ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ رمضان المبارک میں کسی کو گراں فروشی کی اجازت نہیں دیں گے، عوام کی سہولت کیلئے حکومت رمضان میں ڈھائی ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 25 سے 40 فیصد کم قیمت پر اشیائے خور و نوش اور اشیائے ضرورت فروخت کی جارہی ہیں۔