13 مارچ ، 2018
کراچی: جناح اسپتال کے گائنی وارڈ سے ایک جعلی لیڈی ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا گیا جسے عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ایس ایچ او ویمن پولیس انسپکٹر سیدہ غزالہ کے مطابق کورنگی کی رہائشی عائشہ میٹرک پاس ہے اور ایک سال سے گائنی وارڈ میں بطور ڈاکٹر کام کر رہی تھی۔
انسپکٹر سیدہ غزالہ کے مطابق جناح اسپتال کے گائنی وارڈ نمبر 1 کی سیکیورٹی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی،۔
انہوں نے بتایا کہ جب پولیس پارٹی اسپتال پہنچی تو ڈاکٹر کا گاؤن پہنے مذکورہ خاتون گائنی وارڈ کے اندر موجود تھی، پولیس کی پوچھ گچھ پر خاتون مطمئن نہ کرسکی اور ابتدائی تفتیش کے دوران ہی اپنے جعلی ہونے کا اعتراف کرلیا۔
انسپکٹر غزالہ نے بتایا کہ خاتون کی بیگ کی تلاشی کے دوران بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن چیک کرنے والے آلات اور مشکوک ادویات ملیں۔
انہوں نے بتایا کہ خاتون کے پاس لیڈی ہیلتھ وزیٹر یا دائی ہونے کا کوئی سرٹیفیکیٹ بھی نہیں ہے۔
انسپکٹر سیدہ غزالہ کے مطابق جعلساز خاتون پر وارڈ سے نوزائیدہ بچے اغوا کرنے والے گروہ سے منسلک ہونے کا شبہ ہے جبکہ اس بات کا بھی شبہ ہے کہ وہ گائنی وارڈ میں غیرقانونی آپریشنز کرانے کی خواہش مند خواتین کو شکار بنایا کرتی تھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمہ کے خلاف دفعہ 419 اور 170 کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش کی جائے گی۔
دوسری جانب پولیس نے جناح اسپتال سے گرفتار جعلساز خاتون کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔
پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ خاتون پر نوزائیدہ بچے اغوا کرنے والےگروہ سے منسلک ہونے اور غیر قانونی آپریشنز میں ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے۔
پولیس کی جانب سے ملزمہ کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے کہا کہ ملزمہ سے جیل میں 3 دن تک تفتیش کی جاسکتی ہے۔
عدالت نے ملزم کو 26 مارچ تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
جب کہ ملزمہ کی جانب سے ضمانت کے لیے درخواست بھی دائر کردی گئی ہے۔