Time 15 مارچ ، 2018
پاکستان

رائے ونڈ خودکش حملے کا ایک اور زخمی اہلکار دم توڑ گیا، شہداء کی تعداد 10 ہوگئی

لاہور: رائے ونڈ اجتماع گاہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر خود کش حملے میں شہید ہونے والے 5 اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز میں شہدا کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، کور کمانڈر لاہور لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات سمیت پولیس اہلکاروں اور افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہید محمد سعید، اسلم، منظور، تنویر اور سعید کی میتیں تدفین کے لئے آبائی علاقوں کو بھجوادی گئیں۔

ایک اور زخمی دم توڑ گیا، شہداء کی تعداد 10 ہوگئی

رائے ونڈ دھماکے کا ایک اور زخمی پولیس اہلکار دم توڑ گیا جس کے بعد  شہداء کی تعداد 10 ہوگئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز رائے ونڈ اجتماع گاہ کے باہر قائم پولیس چیک پوسٹ کے قریب تقریباً پونے 9 بجے خودکش حملہ ہوا تھا۔

اس دھماکے کے نتیجے میں 13 پولیس اہلکاروں سمیت 25 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق جس وقت اے ایس پی زبیر نذیر بریفنگ دے رہے تھے اسی وقت موٹر سائیکل پر سوار خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

پولیس حکام نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ حملہ آور نے تین سے چار کلو بارودی مواد خود کش جیکٹ میں لگایا ہوا تھا۔

دھماکے کے مقام سے مشتبہ دہشت گرد کے جسم کے اعضاء بھی ملے تھے جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے لیب بھجوادیا گیا تھا۔

خود کش حملہ آور نے پولیس کو نشانہ بنایا، ڈی آئی جی آپریشنز

واقعے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خود کش حملہ آور نے پولیس کو نشانہ بنایا جس میں 5 پولیس اہلکار اور 4 شہری شہید ہوئے۔

ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا تھا کہ دھماکے کی جگہ سے انسانی اعضاء بھی ملے جنہیں معائنے کے لیے لیب بھجوایا گیا۔

اسپتال ذرائع نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 25 افراد زخمی ہوئے جن میں اے ایس پی سمیت 13 پولیس اہلکار شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دھماکا رائے ونڈ میں اجتماع گاہ کے قریب ہوا تھا جہاں تبلیغی جماعت کا سالانہ اجتماع جاری ہے۔

بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کیخلاف کارروائی میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتیں، صدر ممنون حسین

صدر ممنون حسین نے رائے ونڈ میں دہشتگردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو زخمیوں اور متاثرین کی ہرممکن مدد کرنے کی ہدایت کی۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے بے پناہ قربانیاں دے کر دہشتگردوں کو شکست دی ہے اور اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتیں۔

شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رائے ونڈ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

شہباز شریف نے بھی خود اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کی قربانی دی جن پر قوم کو فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔





امن کیلئے دہشتگردی کی نرسریاں تباہ کرنا ضروری ہے، آصف زرداری

سابق صدر آصف زرداری نے بھی رائے ونڈ میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے منصوبہ سازوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

آصف زرداری نے کہا ہے کہ پولیس کے جوانوں نے ہمیشہ دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملائے اور دہشت گردی کی نرسریاں تباہ کرنا امن کے لیے ضروری ہے۔

شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری نے دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس افسران اور جوانوں کی صحت یابی کی دعا بھی کی۔

مزید خبریں :