17 مارچ ، 2018
لاہور کے علاقے واپڈا ٹاؤن میں واقع ایک گھر کے سرونٹ کوارٹر میں آگ لگنے سے میاں بیوی اور دو بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد زندہ جل گئے۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق واپڈا ٹاؤن میں واقع ایک گھر کے سرونٹ کوارٹر میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے 20 منٹ بعد ٹیمیں پہنچیں تو وہاں چار افراد کی جھلسی ہوئی لاشیں پڑی تھیں۔
ریسکیو ٹیم نے آگ پر قابو پا کر لاشوں کو مردہ خانے منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق گھریلو ملازم سرفراز گرین ٹاؤن کا رہائشی تھا مگر ملازمت کے باعث اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سرونٹ کوارٹر میں رہائش پذیر تھا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور رپورٹس آنے کے بعد حقیقت کُھل جائے گی۔
جاں بحق افراد کی شناخت 30 سالہ سرفراز، اس کی 30 سالہ بیوی صبا، 5 سالہ بیٹی آمنہ اور ڈھائی سالہ بیٹے شیر احمد کے نام سے ہوئی ہے۔
مذکورہ سرونٹ کوارٹر تیسری منزل پر اس طرح بنایا گیا ہے کہ اس کا راستہ عقبی گلی سے لوہے کی سیڑھیوں کے ذریعے جاتا ہے اور آگ لگنے یا کسی بھی حادثے کی صورت میں زیریں منزل والوں کو پتہ نہیں چل سکتا، یہی وجہ ہے کہ دھواں اٹھتے دیکھ کر ہمسایوں نے ریسکیو کو اطلاع کی۔