Time 24 مارچ ، 2018
پاکستان

لاہور میں تہرے قتل کی واردات، 3 کم عمر بچوں کو گلا دبا کر قتل کردیا گیا

بچوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا—۔فائل فوٹو

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بیدیاں روڈ پر واقع ایک رہائشی کالونی میں 3 کم عمر بچوں کو مبینہ طور پر گلا دبا کر قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر جب پولیس ٹیم وہاں پہنچی تو گھر میں 3 بچوں کی لاشیں موجود تھیں جبکہ ان کی والدہ بھی زخمی تھیں اور ان کی کلائی پر بلیڈ کے زخم کے نشان بھی موجود تھے۔

پولیس کے مطابق بچوں کی والدہ نے تہرے قتل کا الزام اپنے ایک دوست پر عائد کیا، جسے گرفتار کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ خاتون کو سوا سال قبل ان کے شوہر نے طلاق دے دی تھی۔

بچوں کی شناخت زین العابدین، کنیز فاطمہ اور ابراہیم کے نام سے ہوئی ہے، جن کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق خاتون ذہنی مریضہ معلوم ہوتی ہیں۔

دوسری جانب پولیس نے اہلخانہ سے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ فزانزک ٹیموں نے بھی شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔


مزید خبریں :