03 فروری ، 2012
کراچی … اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا پانے والے محمد عامر کا ری ہیبلی ٹیشن پروگرام جلد شروع کیا جائے گا جس میں اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت ان کا تعلیمی سیشن بھی ہوگااور اس سلسلے میں پی سی بی اور آئی سی سی کے درمیان ہم آہنگی موجود ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا ہے کہ محمد عامر کا ری ہیبلی ٹیشن پروگرام جلد شروع کیا جائے گا جس کے لئے پی سی بی اور آئی سی سی کے درمیان ہم آہنگی ہے اور اینٹی کرپشن حکام تعلیمی سیشن کے لئے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عامر کا اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت تعلیمی سیشن کرایاجائے گا، ان کے مطابق عامر کو اینٹ کرپشن یونٹ کے اضافی امور پر رضا مندی ظاہر کرنی ہوگی اور عامر کی اینٹی کرپشن یونٹ کے طریقہ کار کے مطابق نگرانی بھی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹر محمد عامر کو اسپاٹ فکسنگ کیس میں 6 ماہ قید اور 5 سال تک کسی بھی طرز کے کرکٹ مقابلوں میں حصہ لینے پر پابندی کی سزا سنائی گئی تھی، محمد عامر کو سزاپوری ہونے پر یکم فروری کو لندن کی جیل سے رہا ئی ملی ہے۔