Time 30 مارچ ، 2018
پاکستان

لاہور: پی ایس ایل کے موقع پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنائے جانے کا انکشاف

لاہور: پاکستان سپر لیگ تھری کے لاہور میں ہونے والے 2 میچز کے دوران دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ 

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے موقع پر دہشت گردی کا منصوبہ بنایا گیا تھا جسے ناکام بناتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جن میں اسلام الحق، جہانگیر شاہ، عمران، وقارالامین اور علیم الرحمان شامل ہیں جب کہ دہشت گردوں میں خودکش حملہ آور لقمان بھی شامل ہے۔

ذرائع سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد سرگودھا میں حساس ادارے کے افسر کے قتل میں بھی ملوث ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دہشتگرد بیدیاں روڈ اور فیروز پور روڈ پر ہونے والے دھماکوں میں بھی ملوث تھے جن میں مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ 

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے دو میچز 20 اور 21 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تھے جس کے لئے پشاور زلمی، کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں لاہور میں موجود تھیں۔


مزید خبریں :