30 مارچ ، 2018
لاہور: پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا کا کہناہےکہ پاک بھارت کرکٹ کے حوالے سے دونوں ملکوں کے بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے اور امید ہے کرکٹ کے لیے حالات جلد سازگار ہوجائیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر اجے بسیار نے پاک بھارت کرکٹ سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ کرکٹ میچز اور دوروں کا فیصلہ پاکستان اور بھارت کے بورڈز نے کرنا ہے اور اس حوالے سے دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں کرکٹ یکساں مقبول ہے، امید ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلوں کے فروغ کا وقت آئے گا، اور کرکٹ کے لئے بھی حالات سازگار ہو جائیں گے۔
صحافی کے سوال پر کہ حالات سازگار نہیں ہوں گے تو دونوں ممالک آگےکیسے بڑھیں گے، اجے بساریا نے کہا کہ آپ کا مطلب ہے پہلے کرکٹ کھیلا جائے، مشورہ اچھا ہے، میں نے نوٹ کرلیا۔
پاکستان میں تعینات نئے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے لاہور چیمبر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صنعت کاروں اور تاجروں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر لاہور چیمبر کے صنعت کاروں نے بھارتی ہائی کمشنر سے شکوہ کیا کہ تاجروں اور عام لوگوں کو ویزوں کا اجرا مشکل ہو گیاہے، عوام اور تجارت کا راستہ روکنا دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں ہے لہٰذا راستے کھولے جائیں اورسفر آسان کیا جائے۔
تاجروں نے بھارتی ہائی کمشنر سے کہا کہ بھارتی حکومت کا رویہ بہتر نہیں اس میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔
بھارتی ہائی کمشنر نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویزوں کا مسئلہ یقیناً تکلیف دہ ہے، کوشش کروں گا کہ تاجروں کو زیادہ ویزےجاری ہوں، ایک دوسرے سے تجارت کو فروغ ہی مقصد ہونا چاہیے۔
اجے بساریا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت ہمسائے ہیں جو ہمیشہ رہیں گے، ہمیں مل جل کر بات چیت سے ہی آگے بڑھنا ہوگا، میری کوشش ہے کہ برف پگھلے اور مسائل کم ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ آپس میں ملنا چاہتے ہیں، اختلافات ایسے نہیں کہ حل نہ ہوں، ہم سب کو مل کر امن کی بات کرنی چاہیے، ہمیں سیکورٹی ایشوز کو الگ اور دیگر معاملات کو الگ دیکھنا ہوگا۔