Time 30 مارچ ، 2018
پاکستان

سانحہ میتھوڈسٹ چرچ کے متاثرین تاحال معاوضے کی رقم سے محروم

سانحہ میتھو ڈسٹ کے متاثرین کو اب تک وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ معاوضے کی رقم ادا نہیں کی گئی—تصویر بشکریہ راجر ایکمی۔

ملک کے دوسرے حصوں کی طرح کوئٹہ میں بھی مسیحی برادری نے گڈ فرائیڈے کا تہوار منایا۔

اس موقع پر ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ گذشتہ سال دسمبر میں خود کش حملے میں جان کی بازی ہارنے والوں کو یاد کیا گیا۔

اس حوالے سے دو روز بعد آنے والے ایسٹر کے تہوار کو سادگی سے منانے کا بھی اعلان کیا گیا۔

گڈ فرائیڈے کی تقریبات میں شریک مسیحی افراد نے ایسٹر کے حوالے سے اپنی خوشی کا اظہار کیا—تصویر بکشریہ راجر ایکمی۔

ایسٹر مسیحی برادری کا کرسمس کے بعد بڑا تہوار ہے۔ ایسٹر سے دو روز قبل مسیحی برادری 40 روزوں کے بعد گڈ فرائیڈے مناتی ہے۔

اس حوالے سے گرجا گھروں میں اس دن کی مناسبت سے اجتماعات ہوتے ہیں اور دعائیں کی جاتی ہیں۔

روایت کے مطابق کوئٹہ میں بھی مختلف مقامات پر واقع 30 سے زائد چھوٹے بڑے گرجا گھروں میں خصوصی اجتماعات منعقد ہوئے۔

سانحہ میتھوڈسٹ میں گزشتہ سال دسمبر میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوئے تھے—تصویر بشکریہ راجر ایکمی۔

ان اجتماعات میں نئے کپڑے پہنے بچوں اور خواتین سمیت بڑی تعداد میں مسیحی افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں جبکہ موقع کی مناسبت سے خصوصی گیت بھی گائے گئے۔

گڈ فرائیڈے کی تقریبات میں شریک مسیحی افراد نے ایسٹر کے حوالے سے اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر گذشتہ سال 17 دسمبر کو میتھوڈسٹ چرچ میں خود کش حملے میں جان کی بازی ہارنے والے افراد کو بھی یاد کیا گیا۔

چرچ کی حدود میں ایک خاتون واک تھرو گیٹ سے گزر رہی ہیں—تصویر بشکریہ راجر ایکمی۔

گڈفرائیڈے کے حوالے سے ایک بڑی تقریب میتھوڈسٹ چرچ میں ہوئی، یہ وہی چرچ ہے کہ جہاں گذشتہ سال 17 دسمبر کو خود کش حملے میں مرد و خواتین سمیت 9 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

خود کش حملے کے بعد اس چرچ کی تزئین و آرائش کی گئی جس کے بعد اب یہ چرچ بحال کیا جاچکا ہے۔

’چرچ میں پہلے سے بھی زیادہ بھرا ہوا تھا‘

سانحہ میتھوڈسٹ چرچ کو یاد کرتے ہوئے اس میں بچھڑجانے والوں کے لواحقین کا کہنا تھا کہ ہم اپنے پیاروں کو بھولے نہیں ہیں اور نہ ہی بھول سکتےہیں، جو لوگ سمجھتے تھے کہ وہ چرچ کو نشانہ بناکر ہمیں خوفزدہ کرکے چرچ سے دور کردیں گے مگر ایسا نہیں ہوا۔

سانحے کے متاثرین اپنے رشتہ داروں کو یاد کررہے ہیں—تصویر بشکریہ راجر ایکمی۔

میتھوڈسٹ چرچ کےسانحہ میں جان کی بازی ہار جانے والے ایک مسیحی گلزار ظفر بھٹی کے بیٹے رامے ظفر بھٹی کا کہنا تھا کہ حملہ آور ہمیں ڈرانے دھمکانے آئے تھے مگر آج آپ خود دیکھ لیں کہ چرچ میں پہلے سے بھی زیادہ بھرا ہوا تھا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ سانحہ میتھوڈسٹ چرچ کی یاد میں چرچ انتظامیہ نے ایسٹر سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا۔

چرچ میں موجود ایک خاتون نیہا کا کہنا تھا کہ ہم نے گڈفرائیڈے اور ایسٹر کے لئے بڑی تیاری کی ہوئی ہے، ہم نے گڈفرائیڈے منایا ہے اور اب ایسٹر بھی اسی جوش وجذبے سے منائیں گے۔

سانحہ کے متاثرین تاحال معاوضے کی رقم سے محروم

سانحہ میتھوڈسٹ کےحوالے سے ایک مسئلہ یہ سامنے آیا کہ تقریباً چار ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود اب تک سانحہ کے متاثرین کو اب تک وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ معاوضے کی رقم ادا نہیں کی گئی۔

اس حوالے سے صوبائی محکمہ داخلہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی اعلان کردہ دو کروڑ پچاس لاکھ سے زائد رقم جاری ہوچکی ہے، مروجہ طریقہ کار کے تحت آئندہ ماہ کے اوائل تک متاثرین کو رقم کی ادائیگی کردی جائےگی۔

دوسری جانب صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ رقم تاحال جاری نہیں ہوئی۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے سانحہ میں مرنے والوں کے لواحقین کے لیے فی کس دس لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے فی کس پانچ لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا تھا۔

دوسری جانب کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لئے گڈفرائیڈے کےموقع پر گرجا گھروں کے اندر اور باہر اطراف میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے جبکہ ایسٹر کے حوالے سے خصوصی سکیورٹی پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے۔

سکیورٹی پلان کےحوالے سے ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ ایسٹر کے موقع پر سیکیورٹی کے اضافی انتظامات ہوں گے۔

پلان کے مطابق تمام گرجا گھروں اور دیگر مقامات پر پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، ان کے علاوہ ایف سی بھی مقرر ہوگی۔

تفریحی مقامات پر بھی سیکیورٹی کا اہتمام کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :