03 فروری ، 2012
کوئٹہ … بلوچستان حکومت ریکوڈک منصوبے کو چلانے کیلئے سنجیدہ ہوگئی، ریکوڈک کاپرگولڈ منصوبے میں تکنیکی و غیر تکنیکی عملہ بھرتی کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے ایک اعلامیہ کے مطابق پہلی کمیٹی بی پی ایس 1تا 15تک کے ملازمین کی بھرتی کے لئے ہے جس کے چیئرمین منیجنگ ڈائریکٹر ریکوڈک کاپر، گولڈ پروجیکٹ ہوں گے جبکہ ارکان میں ایڈیشنل سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی ، ایڈیشنل سیکریٹری مائنز اینڈ منرلز، ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ خزانہ اور چیف آف سیکشن محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات شامل ہوں گے جبکہ دوسری کمیٹی بی پی ایس 16 اور اس کے اوپر کے گریڈوں میں بھرتی کی ذمہ دار ہو گی،کمیٹی کے چیئرمین سیکریٹری مائنز اینڈ منرلز ڈویلپمنٹ ہوں گے، جبکہ ارکان میں سیکریٹری محکمہ خزانہ، سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، چیف آف سیکشن محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ سبجیکٹ اسپیشلسٹ شامل ہوں گے، جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر ریکوڈک کاپر،گولڈ پروجیکٹ کمیٹی کے سیکریٹری کے فرائض انجام دیں گے۔