پاکستان
Time 03 اپریل ، 2018

والدین کی شادی کی 47 ویں سالگرہ پر مریم نواز کی مبارکباد

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی اہلیہ رکن قومی اسمبلی بیگم کلثوم نواز—۔فائل فوٹو/ بشکریہ مریم نواز ٹوئٹر

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی اہلیہ رکن قومی اسمبلی بیگم کلثوم نواز کی شادی کی آج 47 ویں سالگرہ ہے۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ایک کیک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، 'ماشاء اللہ میرے والدین کی شادی کے  47 برس مکمل ہوگئے'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'دونوں کے دل قربت اور دوری، صحت و بیماری میں بھی ایک ساتھ دھڑکتے ہیں'۔



















اس تصویر میں کسی کا چہرہ نظر نہیں آیا، تاہم تصویر دیکھ کر لگا کہ کوئی خاتون کیک کاٹ رہی ہیں جبکہ کیک پر لکھا ہے 'ہیپی اینیورسری کلثوم اینڈ نواز۔'

بعدازاں مریم نواز نے اپنی دوسری ٹوئیٹ میں وضاحت کرتے ہوئے  لکھا کہ یہ میری والدہ کی تصویر ہے، جنہوں نے بستر پر بیٹھے بیٹھےکیک کاٹا اور انہوں نے اس پیغام کے ساتھ یہ تصویر ہمیں بھیجی ہے کہ 'انشاء اللہ ہم جلد ساتھ ہوں گے'۔





واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا ہیں جس کے علاج کے سلسلے میں وہ گزشتہ چند ماہ سے لندن میں مقیم ہیں۔

گذشتہ ماہ کے آغاز میں ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی گردن میں دوبارہ ٹیومر بن جانے کے باعث ان کی مزید سرجری کا فیصلہ کیا تھا۔

برطانوی ڈاکٹرز، بیگم کلثوم نواز کی گزشتہ 7 ماہ میں 6 بار کیمو تھراپی کرچکے ہیں جب کہ ان کی 7 ماہ میں 3 بار سرجری بھی کی گئی۔

یاد رہے کہ بیگم کلثوم نواز اپنے شوہر نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی لاہور کی نشست این اے 120 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی ہیں لیکن خرابی صحت کے باعث وہ اب تک حلف نہیں لے سکی ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اور بیگم کلثوم نواز کی شادی کے موقع پر لی گئی ایک یادگار تصویر—۔فوٹو/ بشکریہ ٹوئٹر


مزید خبریں :