دنیا
Time 08 اپریل ، 2018

شام میں باغیوں کے زیرقبضہ علاقے میں مبینہ کیمیائی حملہ، 70 افراد ہلاک

شام میں مبینہ گیس حملے سے متاثرہ افراد کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ فوٹو: بشکریہ دی نیشنل ورلڈ، فائل

دمشق: باغیوں کے زیرقبضہ شام کے مشرقی شہر دوما میں مبینہ کیمیائی حملے کے نتیجے میں 70 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ شام اور روس نے کیمیائی حملے کی تردید کی ہے۔

شام میں ریسکیو کا کام کرنے والی تنظیم وائٹ ہیلمٹ کے مطابق حکومتی فورسز کی جانب سے فضائی کارروائی میں 70 افراد ہلاک ہوئے جن میں بیشتر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

وائٹ ہیلمٹ کے سربراہ رعد الصالح کا کہنا ہے کہ 70 افراد کی ہلاکتیں دم گھٹنے کے باعث ہوئیں جب کہ سیکڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں، انہوں نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

رعدالصالح کے مطابق شام کے علاقے مشرقی غوطہ کے شہر دوما میں کلورین گیس سمیت ناقابل شناخت گیس کے حملے کیے گئے جب کہ تنظیم کے رضاکار متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

 شام میں سرگرم عمل فرانسیسی امدادی تنظیم یونین آف میڈیکل کیئر اینڈ ریلیف آرگنائزیشن کے ترجمان نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا حملے کا نشانہ بننے  والوں میں بیشتر  عورتیں اور بچے ہیں۔ زخمیوں میں زہریلی گیس سے متاثر ہونے کی علامات نظر آرہی ہیں۔

مبینہ کیمیائی حملے کی خبر عام ہوتے ہی شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ پر تردیدی بیان جاری کیا گیا کہ حکومتی فورسز نے کوئی کیمیائی حملہ نہیں کیا۔ 

روسی وزارت خارجہ نے بھی کیمیائی گیس کے حملے کی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے من گھڑت جواز کی بنیاد پر کیے گئے  فوجی ایکشن  کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ 

شام کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق مشرقی غوطہ میں مسلح تنظیم جیش الاسلام کی کارروائی کے نتیجے میں جوابی کارروائی کی گئی جس میں 4 افراد ہلاک ہوئے۔

مزید خبریں :