09 اپریل ، 2018
ضلع بدین میں گونی کینال پر تعمیر کیا گیا پُل ایک ٹرک کا وزن برداشت نہ کرسکا اور منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں تقریباً 400 دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
محکمہ ہائی ویز کے ذرائع کے مطابق واقعہ ضلع بدین کی تحصیل گولارچی میں کڑیو گہنور کھورواہ روڈ پر پیش آیا جہاں گونی کینال پر تعمیر کیا گیا پل ایک ٹرک کا وزن برداشت نہ کرسکا اور ٹرک سمیت مکمل طور پر گر گیا۔
اس پل کی مرمت گزشتہ سال ہی کی گئی تھی جبکہ یہ پل ایشین بینک کے فنڈز سے تعمیر کیے جانے والے متارو ہوٹل تا میرپور بٹھورو روڈ پہ بنا ہوا ہے جسے ہیوی ٹریفک کے لئے فٹ قرار دیا گیا تھا۔
محکمہ ہائی ویز حکام کا کہنا ہے کہ پل پرانا تھا اس لیے گرگیا تاہم علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پل کی تعمیر میں لاکھوں روپوں کی مبینہ بے قاعدگیاں کی گئیں اور گزشتہ سال مرمت کے نام پر بھی بد عنوانی اور بے قاعدگیوں کی شکایات پائی جاتی ہیں۔