پاکستان
Time 23 اپریل ، 2018

طیبہ تشدد کیس: سابق جج اور اہلیہ کی سزا معطل

کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کا واقعہ 27 دسمبر 2016 کو پیش آیا تھا—۔فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کے مقدمے میں سزا پانے والے سابق ایڈیشنل اینڈ سیشن جج راجا خرم علی خان اور ان کی اہلیہ ماہین ظفر کی سزا کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے اپیل پر سماعت مئی کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 17 اپریل کو طیبہ تشدد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق ایڈیشنل سیشن جج راجا خرم علی خان اور ان کی اہلیہ کو ایک ایک سال قید اور 50،50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

تاہم اگلے ہی دن سابق جج اور ان کی اہلیہ نے اس فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب پر مشتمل 2 رکنی ڈویژن بنچ نے آج راجا خرم علی خان اور ان کی اہلیہ ماہین ظفر کی اپیل پر سماعت کی۔

اپیل کنندگان کی جانب سے راجا رضوان عباسی اور سہیل وڑائچ ایڈووکیٹس پیش ہوئے۔

سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے طیبہ تشدد کیس میں راجا خرم اور ان کی اہلیہ ماہین کی سزا کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے اپیل پر مزید سماعت مئی کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔

طیبہ تشدد کیس— کب کیا ہوا؟

کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کا واقعہ 27 دسمبر 2016 کو پیش آیا تھا اور پولیس نے 29 دسمبر کو سابق ایڈیشنل سیشن جج راجا خرم کے گھر سے طیبہ کو تحویل میں لیا تھا۔

تشدد کے واقعے میں ملوث دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

3 جنوری 2017 کو کیس میں اہم موڑ آیا اور طیبہ کے والدین کی جانب سے راجا خرم اور ان کی اہلیہ کو معاف کرنے کی رپورٹس سامنے آئیں، تاہم راضی نامہ سامنے آنے پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے معاملے کا از خود نوٹس لیا تھا۔

سپریم کورٹ کے حکم پر پولیس نے 8 جنوری 2017 کو طیبہ کو بازیاب کرا کے پیش کیا تھا جبکہ عدالتی حکم پر 12جنوری 2017 کو راجا خرم علی خان کو بطور جج کام کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

بعدازاں چیف جسٹس آف پاکستان نے مقدمے کا ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھجوادیا تھا جہاں 16 مئی 2017 کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

اس مقدمے میں مجموعی طور پر 19 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے جن میں 11 سرکاری جبکہ طیبہ کے والدین سمیت 8 غیر سرکاری افرادشامل تھے۔

مزید خبریں :