پاکستان
Time 24 اپریل ، 2018

کوئٹہ میں پولیس ٹرک پر خود کش حملہ، 5 اہلکار شہید


کوئٹہ میں ائیر پورٹ روڈ پر پولیس ٹرک پر ہونے والے خود کش حملے میں 5 اہلکار شہید اور 7 زخمی ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر میاں غنڈی کے علاقے میں دو خود کش بمباروں نے ایف سی کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں خود کش حملہ آور سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے اور اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تیسرے خود کش حملہ آور نے ائیرپورٹ روڈ پر پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں 5 پولیس اہلکار شہید اور 7 زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے خود کش حملے میں تباہ ہونے والے پولیس ٹرک کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کوئٹہ میں خود کش دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔

شہباز شریف نے دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے خود کش ددھماکے میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

سینیٹر رحمان ملک نے بھی کوئٹہ میں خودکش حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بم دھماکے پاکستان کے خلاف گہری سازش کا تسلسل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سازشوں کے تانے بانے افغانستان اور بھارت سے ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کوئٹہ میں ہونے والے خود کش حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ فورسز کی قربانیوں کے باعث ہی صوبے میں امن کا سورج طلوع ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا ان کی قبروں تک پیچھا کیا جائےگا ایسے واقعات فورسز کو کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط کریں گے۔

مزید خبریں :