26 جون ، 2025
اسرائیلی اخبار کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ غزہ جنگ دو ہفتوں میں ختم ہورہی ہے اور حماس کی جگہ 4 عرب ممالک غزہ کا انتظام سنبھالیں گے۔
اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو غزہ جنگ ختم کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔
ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ایران پر امریکی حملے کے بعد پیر کو ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں ٹرمپ اور نیتن یاہو غزہ جنگ بند کرنے پرمتفق ہوئے۔
اسرائیلی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ غزہ میں موجود یرغمالیوں کو رہا اور حماس کی قیادت کوجلا وطن کیا جائے گا، جو فلسطینی غزہ چھوڑنا چاہیں گے ان کو دوسری ریاست پہنچایا جائے گا۔
ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان فون کال میں سعودی عرب اور شام کے اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کرنے پر بھی بات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات اور مصر سمیت 4 عرب ممالک کے حماس کی جگہ غزہ کا انتظام سنبھالنے پر اتفاق کیا۔
اخبار کے مطابق سعودی عرب اور شام کے سفارتی تعلقات کے جواب میں اسرائیل دو ریاستی حل کی حمایت کرے گا، دو ریاستی حل کی اسرائیلی حمایت کے لیے فلسطینی اتھارٹی میں اصلاحات کی شرط رکھی گئی ہے جبکہ امریکا کی جانب سے مغربی کنارے کے کچھ حصوں پر اسرائیلی خودمختاری کو تسلیم کیا جائے گا۔