پاکستان
Time 25 اپریل ، 2018

کراچی: جناح اسپتال کے آرتھو پیڈک وارڈ میں ڈاکٹر کا مریض کے اہلخانہ پر تشدد

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکٹر کو ساتھیوں سمیت مریض کے لواحقین پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے—۔جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی: جناح اسپتال کے آرتھو پیڈک وارڈ میں ایک ڈاکٹر نے مبینہ طور پر مریض کے اہلخانہ کو ساتھیوں کے ہمراہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

پولیس نے واقعے میں ملوث ڈاکٹر عثمان سمیت 7 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

متاثرہ شخص تنویر کے مطابق وہ اپنے بہنوئی کی انگلیوں کے علاج کے لیے ڈاکٹر عثمان کے پاس پہنچا تو انہوں نے انتہائی ذلت آمیز رویہ رکھا اور کمرے سے نکال دیا۔  

تنویر کے مطابق ڈاکٹر عثمان کے اس رویئے کی شکایت انہوں نے سینئر لیڈی ڈاکٹر سے کی تو ڈاکٹر عثمان بھی آگئے اور انہوں نے تشدد شروع کردیا۔ اسی دوران دیگر نامعلوم افراد بھی پہنچ گئے اور انہوں نے بھی تشدد شروع کردیا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مذکورہ ڈاکٹر کو ساتھیوں سمیت مریض کے لواحقین پر تشدد کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

واقعے کا مقدمہ آرتھوپیڈک وارڈ کے ڈاکٹر عثمان سمیت 7 افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔

ایسا ہی ایک واقعہ گذشتہ ماہ لاہور میں بھی پیش آیا تھا، جہاں سروسز اسپتال میں لواحقین اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں مریضہ کا بھائی جاں بحق جبکہ سیکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہوگیا تھا۔

مزید خبریں :