پاکستان
Time 28 اپریل ، 2018

لاہور: چیف جسٹس کا مینٹل اور سروسز اسپتال کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا


لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے آج صبح مینٹل اسپتال اور سروسز اسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس نے گزشتہ ہفتے مینٹل اسپتال میں خالی آسامیوں اور بدانتظامی پر ازخود نوٹس لے کر اسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ مینٹل اسپتال میں بدانتظامی سزائے موت کی قیدی مریضہ کے ازخودنوٹس کیس کے دوران سامنے آئی تھی۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مختلف کیسز کی سماعت سے قبل چیف جسٹس ثاقب نثار مینٹل اسپتال پہنچے اور مختلف وارڈز کا دورہ کیا۔

اسپتال کے عملے نے چیف جسٹس کو مریضوں کی دی جانے والی طبی امداد کے بارے میں بریف کیا۔

مینٹل اسپتال کے دورے کے دوران شہریوں نے چیف جسٹس کے حق میں نعرے لگائے۔

اس موقع پر ایک خاتون نے چیف جسٹس کو ادویات کی عدم دستیابی کی شکایت کی، جس پر جسٹس ثاقب نثار نے وزیر صحت سے وضاحت طلب کرلی۔

 چیف جسٹس نے مینٹل اسپتال کے کچن کا بھی دورہ کیا اور وہاں صفائی کی صورت حال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

مینٹل اسپتال کے دورے کے بعد چیف جسٹس سروسز اسپتال پہنچے اور مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

اسپتالوں کے دورے کے بعد چیف جسٹس سپریم کورٹ لاہور رجسٹری روانہ ہوگئے، جہاں جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ مختلف کیسوں پر سماعت کرے گا۔


مزید خبریں :