30 اپریل ، 2018
کوئٹہ کے علاقے جان محمد روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جان محمد روڈ پر موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے جدید اسلحہ سے اندھا دند فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ اس واقعہ میں تین افراد زخمی ہوئے،لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بعد ازاں زخمی افراد کو ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت وقاص خان، شبیراحمد اور علی خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے میں پہنچ کر جائے واردات کو سیل کردیا اور ملزمان کی تلاش شروع کردی،علاقہ پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے جان محمد روڈ پر فائرنگ کی جگہ کا دورہ کیا اور آئی جی بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراداخلہ نے زخمی افراد کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔