25 جولائی ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ میں این آر او عمل درآمد کیس کی سماعت جاری ہے اور جسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ سماعت کررہا ہے، بینچ کے دیگر اراکین میں بنچ میں جسٹس اعجاز افضل ، جسٹس امیر ہانی مسلم، جسٹس اعجاز چودھری اور جسٹس عظمت سعید شامل ہیں۔ کمرہ عدالت میں اٹارنی جنرل اور پراسیکیوٹرجنرل نیب بھی موجود ہیں جبکہ عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ سماعت کی ابتداء میں عدالت نے استفسار کیا کہ عدنان خواجہ، ملک قیوم اور حمد ریاض شیخ کے تقرر کے حوالے سے کیا پیش رفت ہوئی جس پر نیب پراسیکیوٹر جنرل نے عدنان خواجہ کے بطور سربراہ او جی ڈی سی ایل تقرر کے خلاف رپورٹ پیش کردی جس میں کہا گیا کہ اس حوالے سے تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں اور عدنان خواجہ کا معامہ پراسیکوشن میں ہے، انہوں نے کہا کہ نیب بورڈ 2یا تین ہفتوں میں مزید فیصلہ کرے گا۔ اس کے علاوہ نیب پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو بتایا کہ احمد ریاض شیخ تقرر کیس میں تحقیقات مکمل ہوگئی ہیں اور اس میں 3 افراد کیخلاف ریفرنس دائر کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنسز آئندہ 2 سے 3 ہفتوں میں دائر کیے جائینگے۔