دنیا
Time 09 مئی ، 2018

شمالی کوریا نے 3 امریکی شہریوں کو رہا کر دیا

شمالی کوریا کی جانب سے رہا کیے گئے امریکی شہریوں کی تصاویر۔ فوٹو: اے ایف پی

شمالی کوریا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کم جانگ اُن سے متوقع ملاقات سے قبل تین امریکی شہریوں کو رہا کر دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو تین امریکی شہریوں کے ساتھ واشنگٹن آرہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ ہر کوئی ان تینوں سے ملنے کے لیے بیتاب ہے اور امید ہے کہ تینوں اچھی صحت میں ہوں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ جب امریکی شہری اینڈریوس ایئر بیس پہنچیں گے تو خود ان کا استقبال کروں گا۔

امریکی صدر نے لکھا کہ کم جان اُن سے مائیک پومپیو کی ملاقات بھی اچھی رہی، میری اور کم جانگ اُن کی ملاقات کی جگہ اور وقت کا تعین کر لیا گیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ڈونلڈ ٹرمپ کی کم جانگ ان سے ملاقات کا ایجنڈا طے کرنے کے لیے پیانگ یانگ گئے تھے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کم ہاک سونگ، ٹونی کم اور کم ڈانگ چو امریکی وزیر خارجہ کے ہمراہ جہاز میں بیٹھے۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا نے تینوں امریکی شہریوں کو ریاست مخالف کاموں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

کم ہاک سونگ کو مئی 2017، ٹونی کم کو اپریل 2017 اور کم ڈانگ چو کو 2015 میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :