Time 15 مئی ، 2018
پاکستان

نوشہرہ: فلاحی ادارے کے 850 یتیم بچوں میں رمضان فوڈ پیکج کی تقسیم

11 آئٹمز پر مشتمل فوڈ پیکج بیواؤں، یتیموں، معذوروں اور بے سہارا افراد میں تقسیم کیا جائے گا—۔ فائل فوٹو/ بشکریہ امہ ویلفیئر ٹرسٹ

نوشہرہ: رمضان المبارک کی آمد آمد ہے، ایسے میں بیرون ملک مقیم مسلمانوں کے مالی تعاون سے چلنے والے ایک فلاحی ادارے نے رمضان فوڈ پیکج کی تقسیم کا آغاز اپنے ہی ادارے کے 850 یتیم بچوں سے کردیا۔

فلاحی ادارے کے زیر اہتمام اس سال بھی 55 ہزار خاندانوں میں رمضان فوڈ پیکج تقسیم کیا جا رہا ہے۔

یہ فوڈ پیکج آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں میں یتیم، بیواؤں اور مساکین تک پہنچایا جائے گا۔

ادارے کے کنٹری ڈائریکٹر صاحب زادہ عمران نے بتایا کہ 11 آئٹمز پر مشتمل فوڈ پیکج بیواؤں، یتیموں، معذوروں اور بے سہارا افراد میں تقسیم کیا جائے گا۔

فوڈ پیکج کی تقسیم کے لیے چلڈرن اکیڈمی کی مرکزی جامع مسجد میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔

اس موقع پر ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا محمد ادریس اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں یتیم بچوں کی عصری اور دینی تعلیم سمیت بہتر پرورش اور اچھے اخلاق پر بھی توجہ دی جاتی ہے۔

رمضان المبارک کا مہینہ ہمیں صبر و استقامت اور غرباء و مساکین کے ساتھ بھرپور تعاون کا درس دیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس ماہ مقدس میں یتیموں، بیواؤں اور معاشرے کے ضرورت مند افراد کی بھرپور مدد کی تلقین کی جاتی ہے، جس کا اجر بھی دگنا ہوتا ہے۔


مزید خبریں :