18 مئی ، 2018
اسلام آباد: موجودہ حکومت کی معیاد ختم ہونے سے قبل 5 اہم وفاقی اداروں کے سیکریٹری چھٹی پر چلےگئے۔
جیونیوز کے مطابق موجودہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہورہی ہے اور اس سے قبل ہی 5 اہم وفاقی ادارے سیکریٹریز کے بغیر کام کررہے ہیں۔
ذرائع نےبتایا کہ چھٹی پر جانے والے 5 سیکریٹریز میں سیکریٹری پاور ڈویژن، سیکریٹری اطلاعات، سیکریٹری کیڈ، سیکریٹری توانائی اور سیکریٹری انسانی حقوق شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کے حالیہ بریک ڈاؤن کے بعد وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن نسیم یوسف اچانک 31 مئی تک 14 روز کی رخصت پر چلے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی سیکریٹری کل ایک تقریب میں موجود تھے تاہم آج وہ رخصت پر روانہ ہوگئے ہیں اور ان کی چھٹی کا نوٹی فکیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے آج ہی جاری کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر توانائی اویس لغاری اور وفاقی سیکریٹری نسیم یوسف کے درمیان تعلقات گزشتہ کئی روز سے خراب ہیں اور سیکریٹری پر بریک ڈاؤن کی ذمہ داری قبول کرنے کا دباؤ تھا۔
ذرائع کے مطابق سیکریٹری پاور ڈویژن نے وزیراعظم سے خصوصی طور پر اپنی چھٹی منظور کرائی ہے، ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہےکہ نسیم یوسف ذاتی مصروفیات کی بناء پر رخصت پر گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی سیکرٹری اطلاعات 14 مئی سے25 مئی تک رخصت پر ہیں اور وفاقی سیکریٹری کیڈ اظہر چوہدری 21 مئی تک رخصت پرہوں گے۔
ذرائع کےمطابق وفاقی سیکریٹری انسانی حقوق رابعہ جویری یکم جون تک رخصت پر چلی گئی ہیں۔
ذرائع کابتانا ہےکہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں شکوہ کیا تھا کہ بیورو کریسی نے کام چھوڑ دیا ہے۔