21 مئی ، 2018
کراچی میں سورج آج بھی آگ برساتا رہا، مسلسل دوسرے روز پارہ 44 تک پہنچ گیا۔
کراچی میں ہیٹ ویو سے درجنوں ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں، ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ 3 روز میں 64 میتیں سرد خانے لائی گئی ہیں اور بیشتر لواحقین نے موت کی وجہ گرمی لگنا بتائی ہے۔
دوسری جانب حکام حالیہ ہیٹ ویو سے ہلاکتوں کی تصدیق سے گریز کررہے ہیں، جناح، سول اور عباسی شہید اسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تینوں اسپتالوں میں گرمی سے متاثرہ کسی مریض کی موت واقع نہیں ہوئی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں رک گئی ہیں جس کے بعد آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر کے روز کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 5 فیصد رہا اور 10کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرم اورخشک ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی کے شہریوں کو پہلے ہی خبردار کیا جاچکا ہے کہ گرمی کی لہر بدھ تک برقرار رہ سکتی ہے۔
موسم کی صورتحال بتانے والے ادارے کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جب کہ مالاکنڈ ڈویژن اور بالائی فاٹا میں بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔
احتیاطی تدابیر:
شہری ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اگر گھر سے نکلیں تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔
عوام شدید گرمی میں ہلکے رنگ اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں جو گرمی کے احساس میں کمی کے لیے مددگار ہوتے ہیں۔
مختلف شہروں میں درجہ حرارت
کراچی میں آج بھی درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ لاہور میں پارہ 41 تک پہنچ گیا۔
فیصل آباد میں 40، ملتان میں 39 ڈگری رہا، نواب شاہ میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ، مٹھی اور بہاول نگر میں 41، سکھر، تربت، قصور اور اوکاڑہ میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ دادو، پڈعیدن، پسنی، بہاولپور، بھکر، گوجرانوالہ، جہلم، جوہرآباد، منڈی بہاؤالدین اور ساہیوال میں درجہ حرارت 39 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
گرمی کی یہ لہر ابھی تین دن اور جاری رہے گی