Time 28 مئی ، 2018
پاکستان

ناصر محمود کھوسہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نامزد

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ناصر محمود  کھوسہ کا نام اپوزیشن نے تجویز کیا ہے۔ فوٹو: وکی پیڈیا

پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے ناصر محمود کھوسہ کے نام پر اتفاق ہو گیا ہے۔

لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود الرشید کا کہنا تھا کہ صوبے کے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے ناصر محمود کھوسہ کا نام تجویز کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے ناصر محمود کھوسہ کے نام پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابق چیف سیکرٹری ناصر محمود کھوسہ اچھی شخصیت کے حامل ہیں اور وہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے۔

سابق چیف سیکرٹری ناصر محمود کھوسہ کا نام تحریک انصاف کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے پیش کیا گیا جس کو پنجاب حکومت نے موزوں امیدوار قرار دیتے ہوئے قبول کیا۔

ڈیرہ غازی خان کے ناصر محمود کھوسہ کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے چھٹے کامن سے ہے۔

انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے انگلش لٹریچر میں ماسٹر کیا، پھر پبلک ایڈمنسٹریشن کی ڈگری لی، پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کیا، ڈویلپمنٹ اکنامکس میں پنسلوانیا یونیورسٹی امریکہ سے ا سپیشلائزیشن کی۔

چار فروری 2010 کو  وزیراعلیٰ شہباز شریف کے دور میں ناصر محمود کھوسہ کو چیف سیکریٹری پنجاب تعینات کیا گیا۔

وہ دو سال سے زائد عرصہ تک اس عہدے پر رہے۔2013 کے نگران دور میں ناصر محمود کھوسہ سیکریٹری فنانس تعینات ہوئے۔

27مئی 2013 میں وزیراعظم نواز شریف نے انہیں اپنا پرنسپل سیکریٹری تعینات کیا ،اس عہدے پر وہ اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہو گئے۔

سرکاری افسر کے طور پر ریٹائرڈمنٹ کے بعد ناصر محمود کھوسہ کو ورلڈ بینک کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا عہدہ مل گیا جہاں وہ 3 سال مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد کچھ عرصہ قبل پاکستان واپس پہنچے ہیں۔

ناصر محمود کھوسہ کے ایک بھائی سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس آصف سعید کھوسہ ہیں جبکہ دوسرے بھائی طارق مسعود کھوسہ کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان سے تھا، وہ بطور ڈی جی ایف آئی  اے ریٹائر ہوئے۔

مزید خبریں :