03 جون ، 2018
اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما رشید گوڈیل اور مسلم لیگ ن کے سابق رہنما سردار غلام عباس نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
ایم کیو ایم کے سابق رہنما رشید گوڈیل نے بنی گالہ میں پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے باضابطہ طور پر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ رشید گوڈیل بھائی کی تحریک انصاف میں شمولیت کی بے حد خوشی ہے، خوشی اس لیے ہےکہ کراچی میں کوشش کررہے ہیں، وہ رزلٹ دیں تاکہ تبدیلی لاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا فنانشل حب ہے اور کراچی اٹھ نہیں رہا، اس لیے پاکستان بھی اوپر نہیں جارہا لہذا کراچی کو تبدیلی کی اشد ضرورت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ رشید گوڈیل کے آنے سے کراچی کو پرانی ٹیم کے ساتھ مل کر منظم کریں گے اور آنے والے انتخابات میں تحریک انصاف کراچی میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت ہوگی۔
یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما رشید گوڈیل 18 اگست 2015 کو کراچی میں قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد سے وہ اسلام آباد میں مقیم ہیں۔
قاتلانہ حملے کے بعد رشید گوڈیل نے سیاست سے غیراعلانیہ کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔
علاوہ ازیں عمران خان سے مسلم لیگ ن کے سابق رہنما سردار غلام عباس نے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔
سردار غلام عباس نے گزشتہ انتخابات میں آزاد حیثیت سے چکوال سے ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیے تھے۔