Time 06 جون ، 2018
پاکستان

لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں کے بعد بارش، 4 جاں بحق

لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش  کے نتیجے میں سڑک پر ایک درخت گرگیا—آن لائن فوٹو۔

لاہور: اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کے نتیجے میں دو بچوں سمیت چار افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے۔

لاہور

لاہور اور گردونواح میں آنے والے طوفان باد وباراں کے باعث ائیرپورٹ پر کھڑے پی آئی اے کے دو طیاروں کو بھی نقصان پہنچا جس کے باعث طیاروں کو گراونڈ کردیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق دو ائیر اسٹیئرز پھسل کر جہازوں سے جا ٹکرائیں جس کے باعث جہازوں کی باڈی اور انجن کو نقصان پہنچا۔

ترجمان کے مطابق دونوں طیاروں کوگراؤنڈ کرکے تکنیکی معائنہ کیا جا رہا ہے۔

لیسکو ذرائع کے مطابق بارش کے بعد لیسکو کے 300 فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی کی رفتار 102 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی جبکہ بدھ اور جمعرات کو بھی آ ندھی کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکا ن ہے۔شہر میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں  بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 17 افراد زخمی بھی ہوئے۔

اسلام آباد

ادھر منگل کی شام جڑواں شہروں میں ہونے والی موسلا دھار بارش سے نوتعمیر شدہ اسلام آباد ایئرپورٹ، جس کی تعمیر پر 105 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں، پانی پانی ہو گیا۔

ایئرپورٹ کی چھت ٹپکنے سے ہرطرف پانی پھیل گیا جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

گوجرانوالہ 

گوجرانوالہ میں بارش کے باعث تلونڈی موسیٰ خان اور نوشہرہ روڈ پر چھت اور دیوار گرنے کے حادثات کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دیگر علاقے

ملک کے بالائی علاقوں میں بھی تیز بارش اور آندھی کے باعث سائن بورڈ، دکانوں اور مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں جبکہ درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔

مری میں جتنی تیز ہواؤں چلیں اتنی ہی تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔

مظفرآباد میں آندھی سے رمضان بازار میں شامیانے، دکانوں اور مکانات کی چھتیں اور سائن بورڈ اڑگئے۔ کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور گاڑیوں پر گرگئے۔

اس کے علاوہ جھنگ، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، چکوال، سیالکوٹ، حافظ آباد ، منڈی بہاؤالدین ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی شام کے وقت اچانک چلنے والی تیز ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

مزید خبریں :