06 جون ، 2018
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما کینیڈا سے کراچی پہنچ گئے۔
کراچی آمد کے بعد حیدر عباس رضوی نے بہادر آباد میں واقع ایم کیو ایم کے مرکز میں دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ان کی حالد مقبول صدیقی سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات ہوئی۔
حیدر عباس رضوی طویل عرصے سے کینیڈا میں مقیم تھے۔
سندھ اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر اور رہنما ایم کیو ایم پاکستان خواجہ اظہار الحسن نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں حیدر عباس رضوی کو وطن واپس آمد پر خوش آمدید کہا۔
خیال رہے کہ رواں سال فروری میں جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پارٹی میں اٹھنے والے تنازعات پر کہا تھا کہ شخصیات سے زیادہ پاکستان، پارٹی اور عوامی مفادات اہم ہیں۔
حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ فاروق ستار ہمارے بڑے، کنوینر اور پارٹی سربراہ ہیں اور موجودہ صورت حال میں فاروق ستار سمیت ہر کارکن اور عوام کرب کی صورت حال سے گزر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک سے ہزاروں میل دور بیٹھ کر میرا دل بھی دکھتا ہے کہ ہماری 36 سالوں کی محنت اس دن کے لیے نہیں تھی اور مجھ سمیت ہر کارکن کی کوشش ہے کہ پارٹی کو اس صورت حال سے نکالے۔