04 فروری ، 2012
اسلام آباد…ملک کے بالائی علاقوں میں گزشتہ روزبرفباری شروع ہونیوالی وقفے وقفے سے جاری ہے، پنجاب اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ نواب شاہ اور بدین میں بونداباندی سے متاثرین سیلاب کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔پنجاب میں رحیم یارخان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ صوبہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہورہی ہے۔ کئی علاقوں میں ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے، جہاں رابطہ سڑکیں بند ہیں۔سندھ میں بدین، گولارچی، ماتلی اور نوابشاہ میں بونداباندی سے متاثرین سیلاب کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔شمالی و جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں اور لواڑہ منڈی کے پہاڑوں پر برف باری سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔ ضلع ٹانک میں برف باری سے کانی گرم وانا شاہراہ ٹریفک کے لئے بند ہوگئی اور پاک فوج کے جوان شاہراہ سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں۔ آزاد کشمیرکے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔ ضلع کوٹلی میں دو روز سے بارش ہورہی ہے۔ چترال شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔ کرم ایجنسی میں پاراچنارسمیت مختلف قبائلی علاقوں میں شدیدبرف باری ہے۔مالاکنڈڈویژن کے تمام میدانی علاقوں میں گزشتہ دو روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ہزارہ ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں رات بھر بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہوتی رہی ، ضلع بٹ گرام میں شدید برفباری کے باعث الائی روڈ بند ہوگیا ہے، جبکہ شاہراہ کاغان گزشتہ 20 روز سے مسلسل بند ہے ، بلتستان ڈویژن کے تمام علاقوں میں موسم ابرآلود ہے۔