08 جون ، 2018
منڈی بہاءالدین: سابق وزیرعظم نواز شریف نے کہا ہے گزشتہ 70 سالوں میں چند لوگ عوام کی قسمت کا فیصلہ کرتے رہے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔
منڈی بہاءالدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کسی سیاست دان نے پانچ سے زیادہ پیشیاں نہیں بھگتیں، میں 92 بھگتی ہیں اور یہ میں نے آپ کے لیے کیا۔
انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی شدید کوشش ہے کہ نواز شریف کو جیل بھیج دیا اور قید کردیا جائے۔
نواز شریف نے کہا کہ میں کوئی بزدل آدمی نہیں ہوں، سوچنے والے سوچتے ہوں گے، کیسے آدمی سے پالا پڑا ہے۔
انہوں نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وعدہ کرو ووٹ کی عزت کو بحال کرو گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کے ووٹ کو پھاڑ کر پھینک دیا جاتا ہے، اس کو عزت دینے کے لئے آپ کو نواز شریف کا آخری تک ساتھ دینا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ وعدہ کریں اگلے 70 برس، پچھلے 70 برس سے بہتر ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کو دھاندلی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اگر کسی نے اس کی کوشش کی تو پھر حساب لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی کرنا اب کسی کے بس کی بات نہیں ہے، جو ایسا کرے گا وہ بھگتے گا، قوم اسے سزا دے گی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے، وہ پورا کرتا ہے، جس نےلوڈ شیڈنگ، دہشتگردی ختم کی آج وہ پیشیاں بھگت رہا ہے۔