08 جون ، 2018
ملتان: سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور حامد سعید کاظمی نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ٹکٹ سے انتخابات لڑنے سے انکار کرتے ہوئے این اے 175 سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ۔
پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری آج ملتان میں حامید سعید کاظمی کی رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں کی ملاقات ہوئی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق آصف زردری، حامد سعید كاظمی كو تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی كے مقابلے میں الیكشن لڑاناچاہتے ہیں، تاہم سابق وزیر نے نے این اے 156 سے الیكشن لڑنےسے انكار كردیا۔
حامد سعید كاظمی نے این اے 175 لیاقت پور سے آزاد حیثیت سے كاغذات نامزدگی جمع كرائے تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں حامد سعید کاظمی کا کہنا تھا کہ میں الیکشن لیاقت پور حلقےسے لڑنا چاہتا ہوں تاہم آصف زرداری کی خواہش تھی کہ میں وہاں سے انتخابات میں حصہ نہ لوں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے زرداری صاحب سے معذرت کر لی جس کا انہوں نے برا نہیں منایا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں آزاد حیثیت سے این اے 175 سے الیکشن لڑرہا ہوں، اگر جیتا تو فیصلہ کروں گا کس پارٹی میں جانا ہے۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے حامد سعید کاظمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کو خالی ہاتھ واپس جانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ حامد سعید نے آصف زرداری کو انکار کیا، اس سے عمران خان کو آگاہ کروں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حامد سعید کاظمی کے فیصلےسے وہ ہمارے بہت نزدیک ہوگئے ہیں۔