Time 14 جون ، 2018
پاکستان

شوال کا چاند نظر نہیں آیا، پاکستان میں عید الفطر ہفتے کو ہوگی

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ پاکستان میں کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی— فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا جس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میٹ کمپلکس میں ہوا۔

اجلاس میں مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کے اراکین سمیت محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی شریک تھے۔

اجلاس میں 1439 ہجری کے شوال کے چاند کی رویت کا جائزہ لیا گیا اور شوال کے چاند سے متعلق ملک بھر سے شہادتیں جمع کی گئیں۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے کسی بھی حصے سے شوال المکرم کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں عید الفطر 16 جون بروز ہفتہ ہوگئی۔

قبل ازیں ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شوال کے چاند کی پیدائش 13 جون کو رات 12 بجے ہوگئی ہے، اور جمعرات کی شام تک چاند کی عمر 19 گھنٹے 3منٹ ہوگی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ غروب آفتاب کے بعد 39منٹ تک چاند نظر آنے کا وقت ہے اور جمعرات کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔

اس حوالے سے ماہر فلکیات پروفیسر جاوید اقبال نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مغرب کے وقت چاند کی عمر اتنی کم ہوگی کہ عام آنکھ سے دکھائی دینا مشکل ہوگا البتہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں چاند دور بین سے دکھائی دیا جاسکتا ہے البتہ ایسا نہیں ہوا۔

دیگر ممالک میں چاند کی صورتحال

سعودی عرب میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوا جس میں چاند کی رویت کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد سعودی سپریم جوڈیشل کونسل نے جمعے کو عید الفطر منانے کا باضابطہ اعلان کردیا۔

ادھر متحدہ عرب امارات کے مرکز فلکیات نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دوپہر میں ہی چاند دیکھ لیا تھا جس کے بعد امارات کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے بھی جمعے کو عید الفطر  منانے کا اعلان کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا ہے اور وہاں عید ہفتہ 16 جون کو ہوگی۔

ترکی میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور وہاں جمعے کو عید الفطر منائی جائے گی، ترکی میں اس سال 30 روزوں کے بعد عیدالفطر منائی جائےگی۔

اس کے علاوہ جاپان کی رویت ہلال کمیٹی نے بھی جمعے کو عیدالفطر منانے کااعلان کردیا ہے۔

پیرس سمیت متعدد یورپی ممالک اور آسٹریلیا میں بھی جمعے کو عید الفطر منائی جائے گی۔

مزید خبریں :