Time 14 جون ، 2018
دنیا

سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں چاند نظر آگیا، کل عید الفطر منائی جائے گی

مرکز فلکیات کے ماہرین نے امارات کے شہر العین کی پہاڑی حفیت پر اجلاس کے دوران دوپہر ایک بج کر 53 منٹ پر فلکیاتی تکنیک آسٹروفوٹوگرافی کے ذریعے چاند کو تلاش کرلیا تھا— فوٹو: فائل

سعودی عرب و دیگر خلیجی ممالک میں شوال کا چاند نظر آگیا اور ان ممالک میں 15 جون بروز جمعہ عید الفطر منائی جائے گی۔

سعودی عرب میں چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوا جس میں چاند کی رویت کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد سعودی سپریم جوڈیشل کونسل نے جمعے کو عید الفطر منانے کا باضابطہ اعلان کردیا۔

ادھر متحدہ عرب امارات کے مرکز فلکیات نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دوپہر میں ہی چاند دیکھ لیا ہے جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے بھی جمعے کو عید الفطر منانے کا اعلان کردیا ہے۔

قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے مرکز فلکیات نے نئی تکنینک کے ذریعے دن کی روشنی میں ہی شوال کا چاند تلاش کرلیا تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق مرکز فلکیات کے ماہرین نے امارات کے شہر العین کی پہاڑی حفیت پر اجلاس کے دوران دوپہر ایک بج کر 53 منٹ پر فلکیاتی تکنیک آسٹروفوٹوگرافی کے ذریعے چاند کو تلاش کیا جو 03:43 تک دیکھا گیا۔

متحدہ عرب امارات کی حکومت عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کرچکی ہے جس کے مطابق اگر عید جمعے کو ہوئی تو سرکاری ملازمین اتوار 17 جون تک جبکہ پرائیوٹ سیکٹر میں کام کرنے والے ملازمین جمعے اور ہفتے کو چھٹی منائیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں شوال کا چاند نظرنہیں آیا ہے اور وہاں عید ہفتہ 16 جون کو ہوگی۔

ترکی میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور وہاں جمعے کو عید الفطر منائی جائے گی، ترکی میں اس سال 30 روزوں کے بعد عیدالفطر منائی جائےگی۔

اس کے علاوہ جاپان کی رویت ہلال کمیٹی نے بھی جمعے کو عیدالفطر منانے کااعلان کردیا ہے۔

پیرس سمیت متعدد یورپی ممالک اور آسٹریلیا میں بھی جمعے کو عید الفطر منائی جائے گی۔

مزید خبریں :