14 جون ، 2018
مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر میں ممتاز صحافی اور رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر ان چیف شجاعت بخاری کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شجاعت بخاری پر سری نگر کے علاقے لال چوک حملہ کیا گیا۔
انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ حملے میں ان کا سیکیورٹی افسر بھی ہلاک ہوگیا۔
حکام کے مطابق ممتاز صحافی پر حملہ اس وقت ہوا جب وہ اپنے دفتر سے ایک افطار پارٹی کے لیے جارہے تھے۔
رائزنگ کشمیر کے ایک ملازم کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد چار تھی۔واقعے میں دو دیگر افراد زخمی بھی ہوئے جن کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
اس سے قبل 2000 میں بھی ان پر حملہ کیا گیا تھا تاہم وہ اس میں محفوظ رہے تھے۔
دوسری جانب پاکستان نے سری نگر میں سینیر صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے۔
انہوں نے کہا کہ شجاعت بخاری نے کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ ٹویٹ کی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹ ٹویٹ کرنے کے چند گھنٹوں بعد شجاعت بخاری کو قتل کیاگیا۔