شہباز شریف بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن پہنچ گئے

قوم سے اپیل ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا سوشل میڈیا پر پیغام— فوٹو: فائل

لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اپنی بھابی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن پہنچ گئے۔

عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ بھابھی صاحبہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز بھرپور کوشش کر رہے ہیں، بہترین علاج کیا جارہا ہے۔ 

اس موقع پر انہوں نے کلثوم نواز کی صحت یابی کیلیے دعا کی اپیل بھی کی۔

روانگی سے قبل شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا کہ ’ابھی کچھ دیر بعد بھابھی کی عیادت کیلئے لندن روانہ ہو رہا ہوں، قوم سے اپیل ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں‘۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ مصنوعی تنفس (وینٹی لیٹر) پر ہیں۔

قبل ازیں صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے عید الفطر پرقوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عید الفطر مسلمانوں کیلئے خوشی اور تشکر کا دن ہے، عید سعید پر ملت اسلامیہ اور بالخصوص پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ عید کے اجتماعت میں بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کے لیے دعائیں کی جائیں، یقین ہے عید الفطر کا دن قومی وحدت، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عہد کرنا ہو گا کہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرتے رہیں گے، پاکستان کے دشمن باخبر ہیں کہ ہماری اصل قوت تہذیب اور ثقافت ہے، پاکستانی قوم مشکل کی ہر گھڑی میں متحد رہنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

مزید خبریں :