19 جون ، 2018
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما طلال چوہدری نے ایک دوسرے کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔
یہ واقعہ جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں پیش آیا جس کے دوران پروگرام کے میزبان حامد میر مسلسل دونوں رہنماؤں کو روکتے رہے تاہم وہ نہیں رکے۔
اسی پروگرام میں شریک پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے پی ٹی آئی اور ن لیگ کے رہنماؤں کی طرف سے نازیبا الفاظ کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں اپنے سیاسی قائدین کی وجہ سے یہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کو ایک دوسرے کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ یہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا تلخ واقعہ نہیں۔
اس سے قبل جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے ن لیگ کے دانیال عزیز کو تھپڑ دے مارا تھا۔