سپریم کورٹ: لگژری گاڑیوں کے استعمال کا سندھ حکومت کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

چیف جسٹس پاکستان نے کراچی رجسٹری میں سماعت کی: فوٹو/ فائل

کراچی: سپریم کورٹ نے لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق سندھ حکومت کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے آغاز پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق نوٹی فکیشن عدالت کے روبرو پیش کیا جس کے مطابق فیلڈ ورک اور خصوصی مقاصد کے لیے لگژری گاڑیاں استعمال کی جاسکیں گی جب کہ اس کی مد میں فی دن 25 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سینٹرل پول بنایا گیا ہے، استعمال کا طریقہ کار بھی طے کردیا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اس کا مطلب ہے اب سندھ حکومت نےگاڑیاں کرائے پر دینا شروع کردی؟ سندھ میں کوئی کام ٹھیک بھی ہو رہاہے؟یہ سب بد نیتی کی بنیاد پر کام کیا جارہا ہے۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ نوٹیفیکیشن کے تحت وزرا سارا دن یہ گاڑیاں استعمال کرسکیں گے۔

عدالت نے لگژری گاڑیوں کے استعمال کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے لگژری گاڑیوں سے متعلق صوبوں کی درخواستیں اسلام آباد میں یکجا کردیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تمام صوبوں کا معاملہ اسلام آباد میں سنیں گے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28 جون تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :