22 جون ، 2018
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ترجمان ڈاکٹر اقبال کا کہنا ہےکہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی مدت 30 جون تک ہے۔
ڈاکٹر اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی مدت 30 جون تک ہے، اسکیم کی مدت میں توسیع کا اختیار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی اثاثے ظاہر کرنے کےلیے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم جاری کی گئی، اسکیم سے زیادہ سے زیادہ لوگ فائدہ اٹھائیں کیونکہ اسکیم کی ناکامی کےنتائج برے ہوں گے۔
ڈاکٹر اقبال نے کہا کہ اسکیم کے تحت ملکی اثاثے ظاہر کرنے پر 5 فیصد اور غیر ملکی اثاثے ظاہر کرنے پر 2 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا۔
ترجمان ایف بی آر کا کہنا تھاکہ ٹیکس ایمنسٹی سے کوئی مجرم فائدہ نہیں اٹھاسکتا جب کہ اسکیم سیاسی اور عوامی عہدیداروں کے لیے نہیں ہے اور اسکیم سے حاصل ہونیوالی آمدن کےبارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہے۔