عمران خان پانچوں حلقوں سے شکست ہونے تک انسان نہیں بنیں گے، سعد رفیق

— فوٹو:فائل 

لاہور: سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ جب تک عمران خان کو پانچوں حلقوں سے شکست نہيں ہوتی وہ انسان نہیں بنیں گے۔

لاہور میں انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ترقی و تعمیر اور استحکام پاکستان کا نام ہے لہٰذا (ن) لیگ مضبوط ہوگی تو ملک اور ادارے مضبوط ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اداروں سے نہيں لڑتے بلکہ کوئی انفرادی طور پر لڑتا بھی ہے تو اس کا جواب نہیں دیتے اور نہ ہم جواب دیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ الیکشن میں عمران خان اور ان کے ساتھ والوں کو سبق سکھانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک عمران کو پانچوں حلقوں سے شکست نہيں ہوتی وہ انسان نہیں بنیں گے اور یہ نفرت بڑھاتے جائیں گے جب کہ ایک بار ہارنے کے بعد جب واپس آئیں گے تو امید ہے سنجیدہ سیاست کریں گے۔

سابق وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سیاسی لوگوں کو مقابلہ عوامی عدالت میں کرنا چاہیے اور قانون کی عدالت کو اپنے تنازعات میں نہیں لانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر مختلف حلقوں سے لوگوں نے اعتراضات لگائے لیکن ہم نے کوئی بھی اعتراض نہیں لگایا کیوں کہ ہمیں عوامی عدالت میں اعتراض کرنا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ طبل جنگ بج چکا ہے اور پہلوان میدان میں اتر آئے ہیں، عمران کا مشکور ہوں کہ میرے مقابلے میں الیکشن لڑنے  آئے ہیں۔

یاد رہے کہ خواجہ سعد رفیق لاہور کے حلقے این اے 131 سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف انتخابی معرکہ لڑیں گے۔

مزید خبریں :