کھیل
27 جولائی ، 2012

اولمپک کی افتتاحی تقریب آج ہوگی، ہر طرف سحر طاری

اولمپک کی افتتاحی تقریب آج ہوگی، ہر طرف سحر طاری

لندن…لندن اولمپکس کی افتتاحی تقریب آج ہوگی۔ آسکر ایوارڈ ونر فلم کے ہدایت کار ڈینی بوائل کے تخلیق کردہ جزیرئہ حیرت میں کیا کیا مظاہر ہیں اس کا جواب دنیا بھر میں ٹی وی سیٹس کے سامنے بیٹھے چار ارب ناظرین اور اولمپک اسٹیڈیم میں حاضرین کو ملنے والا ہے۔ کھیلوں کے چار سالہ عظیم ترین تہوارکی چاند رات کو یادگار بنانے کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ دنیا بھر سے کھیلوں کے ستارے ان لمحات کو مزید پرکشش اور چمکدار بنانے کے لیے زمین پر اتریں گے۔ عالمگیر شہرت کے حامل ایتھیلٹس اپنی مہارت کا ثبوت دینے اور انعام پانے کو بے چین ہیں۔ لیکن مبصرین کے مطابق میدانوں میں اصل مقابلہ چین اور امریکا کے درمیان متوقع ہے۔چین نے بیجنگ اولمپکس میں 51 گولڈ میڈلز سمیت کل 100 تمغے جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ امریکی ٹیم 36 طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی تھی۔ البتہ اس کے مجموعی طور پر حاصل کردہ میڈلز کی تعداد 110 تھی۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم سرکاری طور پرکھیلوں کا باضابطہ افتتاح کریں گی۔اس کے علاوہ افتتاحی تقریب کا حصہ بننے کے لیے 100سے زائد سربراہان مملکت بھی لندن کا رخ کریں گے جن کی سیکورٹی حکام کے لیے درد سر بنی ہوئی ہے۔ تقریب برطانوی وقت کے مطابق رات9 بجے جبکہ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات ایک بجے شروع ہوکر تین گھنٹے تک جاری رہے گی۔ رنگا رنگ تقریب میں دنیا بھر سے 17 ہزار سے زائد ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔ افتتاحی تقریب کو براہ راست دیکھنے کے لیے جو اہم شخصیات لندن پہنچیں گی ان کی امریکا کی خاتون اول مشیل اوباما، ہالی ووڈ اسٹار انجلینا جولی اور امریکی صدارت کے امیدوار مٹ رومنی بھی شامل ہیں۔اولمپک پارک کے وسط میں مرکزی اسٹیڈیم تعمیرکیا گیا ہے تین اطراف سے پانی میں گھرے اسٹیڈیم میں 80 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے۔ جہاں افتتاحی اور اختتامی تقاریب کے علاوہ ایتھلیٹکس کے مقابلے ہوں گے۔گیمز کے دوران 18ہزار 200 اہلکار تعینات ہوں گے، جو افغانستان میں تعینات برطانوی دستے سے زیادہ ہے۔ جبکہ برطانوی وزارت دفاع بھی دو ٹائی فون جیٹ فائٹرز، ہیلی کاپٹرز اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلز کے ساتھ گیمز کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔ 12 اگست تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 26 کھیلوں کے 302 ایونٹس ہوں گے۔ لندن اولمپکس کے لیے تیار کیے گئے تمغوں کی تعداد چار ہزار سات سو ہے جو اب تک کسی بھی اولمپک اور پیرالمپک مقابلوں کے لیے تیارکیے گئے تمغوں سے زیادہ ہے۔

مزید خبریں :