Time 29 جون ، 2018
پاکستان

جہانگیر ترین سےکوئی اختلاف نہیں، شاہ محمود قریشی

 مسلم لیگ نواز کے بیشتر لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں، شاہ محمود قریشی—فائل فوٹو۔

ملتان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ان کا پارٹی جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین سے کوئی اختلاف نہیں۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک لیڈر اور ایک جھنڈا ہے جس کے لیے کام کرنا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کے بیشتر لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت میٹرو کا پیسہ شہر پر لگاتی تو نقشہ تبدیل ہوتا، آج میٹرو منصوبہ نیب میں زیر بحث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صاف و شفاف الیکشن کا انعقاد نگراں حکومت کی ذمہ داری ہےجس جو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج کےجوان پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بوگس الیکشن کےحق میں نہیں ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے درمیان اختلافات کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں۔

گزشتہ روز جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی کے ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے جہانگیر ترین کی سفارشات نظر انداز کردی گئیں جس کے بعد وہ اپنی فیملی کے ساتھ لندن چلے گئے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کی طرف سے پارٹی میں لائے گئے بیشترالیکٹ ایبلز سے ٹکٹس واپس لے لیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے جہانگیر ترین نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیہ میں نیازی گروپ کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ بہت برا ہے۔

جب صحافی نے ان سے پوچھا کہ الیکشن مہم کے موقع پر آپ ملک چھوڑ کرکیوں چلے گئے؟ تو جہانگیر ترین نے جواب دیا کہ وہ ناساز طبیعت کی وجہ سے لندن آئے ہیں۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ ڈاکٹرز نے واپس جانے کی اجازت دی تو اتوار کو واپس آجاؤں گا۔

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ 10 فیصد ٹکٹوں کی تقسیم کے مسائل ہیں، جنوبی پنجاب میں پارٹی کے نئے اصول پر پورا نہ اترنے والوں کو ٹکٹ نہیں دیے گئے۔

مزید خبریں :