02 جولائی ، 2018
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جو بھی پارٹی انتخابات جیتے گی، اس کے لیے کئی مسائل سامنے ہوں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سرگودھا میں درگاہ سیال شریف پر حاضری دی اور اس موقع پر انہوں نے سجادہ نشین سیال شریف صاحبزادہ قاسم سیالوی سے عام انتخابات میں حمایت کی اپیل بھی کی۔
بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ سب تیار رہیں، تین ہفتوں میں مقابلہ آرہا ہے، اسے عام الیکشن مت سمجھیں، یہ الیکشن پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا، یہ الیکشن ملک تبدیل کرے گا۔
عمران خان نے کہا کہ کبھی اپنے مخالفین کوکمزور مت سمجھو، وہ پانچ سال حکومت کرچکے ہیں۔
ملک میں عام استعمال کی اشیاء مہنگی ہوگئی ہیں، یہ مہنگائی غریب کو غریب تر کرتی ہے اور چھوٹے سے طبقے کو امیر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کبھی اتنے قرضے ملک پر نہیں چڑھے جتنا یہ (مسلم لیگ ن) چڑھا کرگئی ہے، پاکستان 27 ہزار ارب روپے کا مقروض ہے اور 90 ارب ڈالر بیرون ملک قرضے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جو بھی پارٹی انتخابات جیتے گی، اس کے لیے مسئلے مسائل سامنے ہوں گے لیکن جو تبدیلی لائے گا اور اداروں کو مضبوط کرے گا، وہ ہی ملک کو اس دلدل سے نکال سکتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کل بنوں میں شدید گرمی میں بھی عوام کا سمندر جمع تھا اور سب لوگ اسی لیے نکلے تھے کہ انہیں امید نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں کسان پسِے ہوئے ہیں اور سندھ میں ان لوگوں کا برا حال ہے جنہوں نے گنا اگایا ہے جب کہ کسان کی پانچ سال میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ہے، اگلے پانچ دنوں میں ہمارا منشور آرہا ہے جس میں کسانوں کے لیے خاص پیکج لائیں گے کیوں کہ کسان دلدل سے نکلے گا تو ملک خوشحال ہوگا۔
صحافیوں کے سوال کے جواب میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے سب کو ٹکٹ نہیں دے سکتے تھے، یہ ایک مشکل کام تھا اور کئی جگہ سروے کرائے ہیں، اپنی طرف سے منصفانہ طریقے سے ٹکٹ دیے ہیں۔