پاکستان
Time 12 جولائی ، 2018

این اے 81: سیاسی اعتبار سے گجرانوالہ کا سب سے اہم حلقہ


گجرانوالہ: عام انتخابات کے سلسلے میں جہاں پورے ملک میں گہماگہمی ہے، وہیں سابق وزیر دفاع خرم دستگیر کے حلقے این اے 81 میں بھی انتخابی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں، جو سیاسی اعتبار سے گجرانوالہ کا سب سے اہم حلقہ ہے۔

سیٹلائٹ ٹاؤن، سول لائن، پیپلز کالونی اور ماڈل ٹاؤن جیسے اہم شہری علاقوں پر مشتمل اس حلقے میں نئی حلقہ بندیوں کے بعد اروپ اور ونیہ جیسے بڑے دیہات بھی شامل ہوگئے ہیں۔

حالیہ عام انتخابات میں اس حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے خرم دستگیر، پاکستان تحریک انصاف کے چوہدری صدیق مہر اور پیپلز پارٹی کے انس امجد مہر سمیت کئی آزاد امیدوار میدان میں ہیں لیکن اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے درمیان ہی متوقع ہے۔

اس حلقے کے بنیادی مسائل میں سیوریج اور صفائی کے ناقص انتظامات شامل ہیں—۔ جیو نیوز اسکرین گریب

اس حلقے کے بنیادی مسائل میں سیوریج اور صفائی کے ناقص انتظامات شامل ہیں اور یہاں کے ووٹرز چاہتے ہیں کہ یہاں سے منتخب ہونے والا عوامی نمائندہ ان مسائل پر خصوصی توجہ مرکوز کرے۔

اس کے ساتھ ساتھ اس حلقے میں واقع گوندلانوالہ، سیالکوٹی اور ڈنگا سمیت تینوں ریلوے پھاٹک پر انڈر پاس تعمیر نہ ہونا بھی ایک بڑا مسئلہ ہے جبکہ پینے کے صاف پانی کی کمیابی، تجاوزات اور جگہ جگہ قائم غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز بھی یہاں کے شہریوں کے لیے تکلیف کا باعث ہیں۔

پینے کے صاف پانی کی کمیابی بھی اس حلقے کا اہم مسئلہ ہے—۔ جیو نیوز اسکرین گریب

حلقہ این اے 81 کے پڑھے لکھے اور باشعور ووٹرز کی رائے اپنی جگہ لیکن یہاں کی آرائیں، مغل، شیخ اور کشمیریوں جیسی بڑی برادریاں بھی امیدواروں کی ہار اور جیت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

مزید خبریں :