پاکستان
Time 29 جولائی ، 2018

ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری: خواجہ آصف، ایاز صادق کی اپنے حلقوں میں جیت برقرار


لاہور: کئی حلقوں میں امیدواروں کی جانب سے درخواستوں پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مرحلہ جاری ہے جب کہ این اے 73 سیالکوٹ سے مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف اپنی جیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

این اے 73 سیالکوٹ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل کرلیا گیا جس کے بعد خواجہ آصف کے مجموعی ووٹوں میں 45 اور عثمان ڈار کے ووٹوں میں 132 ووٹوں کا اضافہ ہوا۔

خواجہ آصف نے ایک لاکھ 16 ہزار 957 ووٹ حاصل کیے تھے جو اب بڑھ کر ایک لاکھ 17 ہزار 2 ہوچکے ہیں جب کہ تحریک انصاف کے عثمان ڈار نے ایک لاکھ 15 ہزار 464 ووٹ حاصل کیے تھے تاہم دوبارہ گنتی کے بعد ان کے مجموعی ووٹوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 15 ہزار 596 ہوگئی۔ 

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جس کے بعد خواجہ آصف نے اپنی جیت برقرار رکھی ہے۔

این اے 72 سیالکوٹ 2 کے ووٹوں سے دوبارہ گنتی سے قبل کے نتائج۔ فوٹو: جیو ویب

این اے 33 ہنگو

این اے 33 ہنگو، ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے قبل کے نتائج۔ فوٹو: جیو ویب

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 33 ہنگو کے 180 میں سے 50 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد تحریک انصاف کے امیدوار خیال زمان کے 735 ووٹ زیادہ نکلے جس کے بعد ان کی جیت برقرار ہے۔

ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار خیال زمان نے 28 ہزار 703 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل ایم ایم اے امیدوار عتیق الرحمان نے 27 ہزار 968 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ 

این اے 114 جھنگ

این اے 114 جھنگ کی نشست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے قبل کے نتائج۔ فوٹو: جیو ویب

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 114 جھنگ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل صالح حیات کی درخواست پر گزشتہ روز 5 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی جس کے دوران فیصل صالح حیات کے ووٹوں میں 38 ووٹ کا اضافہ ہوا جس کے پیش نظر آج مزید 5 پولنگ اسٹیشنز پر گنتی کا عمل جاری ہے۔

این اے 114 سے تحریک انصاف کے صاحبزادہ محبوب سلطان نے ایک لاکھ 6 ہزار 43 ووٹ حاصل کیے تھے جب کہ پیپلز پارٹی کے فیصل صالح حیات نے ایک لاکھ 5 ہزار 454 ووٹ حاصل کیے، دونوں امیدواروں کے درمیان جیت کے ووٹوں کا فرق 589 تھا۔

این اے 129 لاہور

این اے 129 لاہور 7، سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے قبل کے نتائج۔ فوٹو: جیو ویب

قومی اسمبلی کے حلقہ این  اے 129 لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی۔

دوبارہ گنتی کے بعد بھی حلقے میں ایاز صادق کی جیت برقرار رہی۔ کل شروع ہونے والی گنتی آج ختم ہوئی اور اس دوران 252 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کو دوبارہ گنا گیا۔

ریٹرننگ افسران کے مطابق دوبارہ گنتی میں ایاز صادق کے ووٹ مزید بڑھے۔

حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق کامیاب قرار پائے تھے تاہم پی ٹی آئی امیدوار علیم خان نے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست کی تھی۔

این اے 108 فیصل آباد

اسی طرح قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 فیصل آباد پر بھی دوبارہ گنتی ہونی ہے، یہاں (ن) لیگ کے امیدوار عابد شیر علی کے مقابلے میں تحریک انصاف کے فرخ حبیب کامیاب قرار پائے تھے۔ 

گوجرانوالہ سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 52 اور پی پی 54 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے، پی پی 52 پر ن لیگ کے عادل چٹھہ تحریک انصاف کے امیدوار احمد چھٹہ کے مقابلے میں ایک ہزار 113 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوئے تھے۔

پی پی 54 گوجرانولہ میں ن لیگ کے عمران خالد بٹ تحریک انصاف کے رضوان اسلم بٹ کے مقابلے میں ایک ہزار 457 ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرار پائے تھے تاہم ہارنے والے امیدوار نے دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی۔

ملتان کے حلقوں این اے 154 اور157، جھنگ میں این اے 114 میں مزید پانچ پولنگ اسٹیشنز اور این اے 22 مردان کے 131 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے گی۔

این اے 230 بدین

این اے 230 بدین کے دوبارہ گنتی سے قبل کے نتائج۔ فوٹو: جیو ویب

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 230 بدین پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل آج بھی جاری ہے، اس حلقے سے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی فہمیدہ مرزا نے پیپلز پارٹی کے حاجی رسول بخش چانڈیو کو 860 ووٹوں سے شکست دی تھی۔

فہمیدہ مرزا نے 96 ہزار 875 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جب کہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار رسول بخش چانڈیو نے 96 ہزار 15 ووٹ حاصل کیے تھے۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار نے فہمیدہ مرزا کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی۔ 

اسی طرح صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 73 بدین پر بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے جہاں پیپلز پارٹی کے تاج ملاح 37645 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جب کہ جی ڈی اے کی فہمیدہ مرزا نے 37364 ووٹ حاصل کیے تھے۔

این اے 248 کراچی

این اے 148 کراچی کے دوبارہ گنتی سے قبل کے نتائج۔ فوٹو: جیو ویب

حلقہ این اے 248 کراچی سے تحریک انصاف کے سردار عبدالعزیز کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی جس کے بعد بھی پیپلز پارٹی کے عبدالقادر پٹیل کو کامیاب قرار دیا گیا۔

نئی گنتی کے بعد قادر پٹیل کے ووٹوں میں مزید اضافہ ہوگیا اور اب ان کے ووٹ 37075 ہوگئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے سردار عبدالعزیز کے ووٹوں میں کمی ہوئی اور اب ان کے ووٹ 34322 ہیں۔

مزید خبریں :