پاکستان
Time 31 جولائی ، 2018

پاک فوج نے لاتوک چوٹی پر 6 دن سے پھنسے روسی کوہ پیما کو ریسکیو کرلیا


راولپنڈی: پاک فوج نے شمالی علاقہ جات میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے انتہائی مشکل آپریشن کر کے لاتوک 1 پیک پر 6 دن سے پھنسے روسی کوہ پیما کو بچا لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق روسی کوہ پیما ایلگزینڈر گوکوف 25 جولائی سے 20 ہزار 650 فٹ کی بلندی پر لاتوک پیک پر پھنسا ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق روسی کوہ پیما کے پاس تین روز سے کھانے پینے کی اشیا بھی ختم ہوگئی تھیں۔

لاتوک پیک کا وہ مقام جہاں روسی کوہ پیما 6 دن سے پھنسا ہوا تھا—۔فوٹو/ بشکریہ آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق انتہائی خراب موسم کے باوجود ریسکیو کی کوششیں 26 جولائی سے جاری تھیں اور برفانی بادلوں کے سبب روسی کوہ پیما کو تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

اور بالآخر ہیلی کاپٹر کے ذریعے کیے گئے انتہائی مشکل آپریشن کے بعد آج صبح ایلگزینڈر گوکوف کو ریسکیو کرلیا گیا۔

برفانی بادلوں کے سبب روسی کوہ پیما کو تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا—.فوٹو/ بشکریہ آئی ایس پی آر


مزید خبریں :