05 اگست ، 2018
اسلام آباد: چین میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے شاہین ایئر کا طیارہ چین جائے گا۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ طیارہ آج رات روانہ ہوجائے گا، شاہین ایئر کے طیارے کے لیے ہوز پائپ بیرون ملک سے پاکستان پہنچا دیا گیا۔
ادھر شاہین ایئر کے ترجمان نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شاہین ایئر نے جہاز کے پرزے کا انتظام کرلیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اب انجینیئرز جہاز میں پرزہ تبدیل کررہے ہیں، امید ہے نیا پرزہ لگنےکےبعد پروازکی اجازت مل جائے گی۔
یاد رہے کہ شاہین ایئر نے 29 جولائی کو گوانگ زو سے وطن واپسی کی فلائٹ اچانک منسوخ کردی جس کے بعد ویزے کی معیاد ختم ہونے کی وجہ سے پولیس نے بعض افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔
جیو نیوز کی جانب سے معاملے اٹھائے جانے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی۔
بعدازاں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے معاملے پر ازخود نوٹس لیا تھا۔