Time 09 اگست ، 2018
پاکستان

لاہور میں خاتون کو سوشل میڈیا کے ذریعے بلیک میل کرنیوالا ملزم گرفتار


لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سوشل میڈیا پر بدنام کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے خاتون کو بلیک میل اور بدنام کرنے والے ملزم کو لاہور سے گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق خاتون نے الزام لگایا تھا کہ ملزم ثاقب علی سوشل میڈیا کے ذریعے اس کے گھر والوں اور دوستوں کو اس کی قابل اعتراض تصاویر بھیجتا تھا۔

حکام نے بتایا کہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزم ثاقب علی کو گرفتار کر لیا گیا ۔

ان کے مطابق ملزم کے قبضہ سے درخواست گزار خاتون کے الزامات سے متعلق مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایف آئی اے نے پشاور میں شہری کی فیس بک آئی ڈی ہیک کرکے 20 ہزار روپے بٹورنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ملزم نے آئی ڈی واپس دینے کے لیے 20 ہزار مانگے تھے، ملزم کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔

سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے گزشتہ ماہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کو ہدایت کی تھی کہ سوشل میڈیا کو بلیک میلنگ یا ملک و قوم کے خلاف پروپیگینڈا پھیلانےکے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

مزید خبریں :