گواسکر کی عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت


بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے عمران خان کی بطور وزیراعظم تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرلی۔

سنیل گواسکر نے پاکستان کے ممکنہ وزیراعظم عمران خان کو فون کرکے بھارتی ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں کمنٹری کی مصروفیات سے آگاہ کردیا۔

سنیل گواسکر نے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے عمران خان سے اچھی امیدیں ہیں۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما فیصل جاوید نے کہا کہ سابق بھارتی کرکٹرز کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پاکستان آرہے ہیں۔

انہوں نے تصدیق کی کہ سنیل گواسکر نے تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

فیصل جاوید کے مطابق 1992 کی اسٹار کرکٹ ٹیم بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کرے گی جن میں وسیم اکرم،جاویدمیاںداد، عاقب جاوید، انضمام الحق، وقار یونس اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر تقریب حلف برداری میں شرکت پر شروع ہی سے تذبذب کا شکار تھے۔

تحریک انصاف نے عام انتخابات میں اکثریت حاصل کی ہے جس کے بعد پارٹی چیئرمین عمران خان متوقع وزیر اعظم ہوں گے جو 18 اگست کو بطور وزیراعظم حلف اٹھائیں گے۔

تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کے مطابق عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے سنیل گواسکر، کپل دیو، نوجوت سنگھ سدھو اور بالی وڈ اداکار عامر خان کو دعوت دی گئی تھی۔

تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تاحال صرف سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے حامی بھری ہے جب کہ بالی وڈ اداکارعامر خان تقریب میں شرکت سے معذرت کرچکے ہیں ہے اور اب سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے بھی شرکت سے معزرت کرلی ہے۔

مزید خبریں :