19 اگست ، 2018
لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اور پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کے لئے کل طلب کرلیا۔
نیب پنجاب نے شہباز شریف کو 20 اگست کی صبح 11 بجے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں بیان ریکارڈ کرنے کے لیے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔
نیب نے کل دوپہر 2 بجے ہی پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں بھی بیان ریکارڈ کرانے کے لیے شہباز شریف کو طلب کیا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اس سے قبل بھی مذکورہ کیسز میں بیان قلمبند کراچکے ہیں۔
یاد رہے کہ نیب 56 کمپنیز کرپشن کیس میں کروڑوں روپے کی کرپشن پر پہلے ہی تحقیقات کر رہا ہے۔
نیب نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کیس میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو بھی گرفتار کر رکھا ہے۔