کراچی پولیس چیف کے تھانوں میں اچانک دورے: غیرحاضری پر 8 اہلکار معطل

ڈاکٹر امیر شیخ کا تھانہ موچکو کے مورچے میں تعینات اہلکار کے سو جانے پر شدید اظہار برہمی، ریکارڈ مرتب رکھنے پر ہیڈ محرر رانا اجمل کو انعام بھی دیا۔

کراچی: پولیس کو متحرک رکھنے کے لیے ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری ہے اور ایک تھانے میں غیر حاضری پر انہوں نے 8 اہلکاروں کو معطل کردیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے ضلع غربی اور سٹی کے تھانوں کا اچانک دورہ کیا جہاں موچکو تھانے سے غیر حاضر 8 اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ تھانہ موچکو کے مورچے میں تعینات اہلکار کے سو جانے پر ایڈیشنل آئی جی نے شدید اظہار برہمی کیا اور ریکارڈ مرتب رکھنے پر ہیڈ محرر رانا اجمل کو انعام بھی دیا۔

فوٹو: ترجمان پولیس

ایڈیشنل آئی جی نے موچکو چیک پوسٹ پر تعینات پولیس ملازمین کو ذاتی حیثیت میں ناشتہ کرایا، اہلکاروں کے مسائل سنے اور پولیس ملازمین کو نقد انعامات دیے۔

ڈاکٹر امیر شیخ نے مرکزی شاہراہ پر پولیس کی جانب سے شہریوں کو روکنے کے طریقہ کار کا جائزہ بھی لیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی سعید آباد تھانے پہنچے تو اہلکار ڈیوٹیوں پر روانگی کے لیے تیار ہو رہے تھے، اس موقع پر انہوں نے اہلکاروں کی وردیوں کا معائنہ کیا اور انہیں چیکنگ سے متعلق ہدایات دیں۔

فوٹو: ترجمان پولیس

ترجمان پولیس کے مطابق ڈاکٹر امیر شیخ نے ایک پولیس افسر کی شکایت سنی اور اسے ممکن مدد کے لیے دفتر بلوا لیا جب کہ سوات سے تعلق رکھنے والے نوجوان اہلکار کے بھائی کی شادی پر 10 روز کی چھٹی کی منظوری بھی دی۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے ریکارڈ اور دفتری امور میں عدم دلچسپی پر ایس ایچ او عرض محمد اور ہیڈ محرر کو شوکاز نوٹس دیا جب کہ سعید آباد تھانے کے عقبی حصے میں صفائی نہ ہونے اور باتھ روم گندے ہونے پر ایڈیشنل آئی جی نے اظہار برہمی کیا۔

فوٹو: ترجمان پولیس

ڈاکٹر امیر شیخ نے اچھی وردی پہننے والے سعید آباد تھانہ کے درجن سے زائد اہلکاروں کو نقد انعام دیا جب کہ جوشیلے اور متحرک پولیس اہلکاروں نے ایڈیشنل آئی جی کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

مزید خبریں :